ویب ڈیسک
پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ تاہم ہالوں اور مارکیوں کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق انڈور تقریبات میں ڈرونز کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔ محکمے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
اجازت یافتہ استعمال کی نگرانی
ترجمان نے بتایا کہ ڈرونز کے استعمال کو منظم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر "محفوظ ڈرون استعمال کمیٹیاں” قائم کی گئی ہیں۔ زراعت، آبپاشی اور تحقیق کے مقاصد کے لیے ڈرون پروازوں کی تحریری اجازت متعلقہ کمیٹیاں دیں گی۔
متعلقہ کمیٹی کی تحریری اجازت سے کی جانے والی ڈرون پروازیں عمومی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
سخت عمل درآمد کی ہدایت
سیکرٹری داخلہ کی جانب سے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت جاری نوٹیفکیشن میں صوبے بھر کی تمام ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق عوامی تحفظ، امن و امان کی بحالی اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

