لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو اقوام متحدہ کے ہبٹٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کے لیے عمان کے دارالحکومت مسقط میں مدعو کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام (یو این ہبٹٹ) کا اعلیٰ ترین بین الاقوامی اعزاز ہے جو ورلڈ ہبٹٹ ڈے، پانچ اکتوبر کو پیش کیا جائے گا۔
یہ اعزاز پنجاب حکومت کے "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام پر دیا جا رہا ہے جو یو این ہبٹٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کی فہرست میں سرفہرست آیا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال دنیا بھر سے صرف پانچ پروگراموں کو رہائش اور شہری ترقی میں نمایاں کام پر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ 37 برسوں میں اب تک تقریباً 200 اعزازات پیش کیے جا چکے ہیں۔
پروگرام کی نمایاں کامیابیاں
دنیا بھر کے رہائشی منصوبوں کے سخت جائزے کے بعد "اپنی چھت، اپنا گھر” کا انتخاب دنیا کے پانچ بہترین رہائشی منصوبوں میں کیا گیا۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور پہلا مکمل ڈیجیٹل ہاؤسنگ فنانس پروگرام ہے۔ اسکیم کے تحت دو لاکھ سے زائد مکانات کی تعمیر کے لیے 260 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے۔ پہلے مرحلے میں 134,439 مکانات کے لیے 196 ارب روپے سے زائد کے قرضے دیے گئے جبکہ دوسرے مرحلے میں 65,000 مکانات کے لیے 62 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے۔ تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار خاندان اس اسکیم کے تحت بنے گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔
اس سال پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور انگلینڈ کے منصوبے بھی اس اعزاز کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ پاکستان سے اس اعزاز کے آخری وصول کنندہ زلزلہ بحالی و تعمیر نو اتھارٹی (ایرا) کے ڈپٹی چیئرمین تھے جنہیں 2007 میں یہ اعزاز ملا تھا۔
اعزاز پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ ایوارڈ پنجاب کے بے گھر لوگوں کے لیے اعزاز ہے۔ ان کا دعویٰ تھا: "اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کا بہترین کم لاگت رہائشی منصوبہ ہے۔”
مسقط میں اعزاز کی تقریب کے ساتھ 6 سے 8 اکتوبر تک رہائش اور شہری ترقی پر سیمینار اور ورکشاپ بھی منعقد ہوں گے۔

