اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اہل شہریوں کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر اس اسکیم کا اعلان کیا۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے 13 ستمبر کو رجسٹریشن کی تفصیلات جاری کیں۔
کون کتنی رعایت حاصل کر سکتا ہے؟
اسکیم کا ہدف موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان ہیں۔ موٹر سائیکل اور چنگ چی مالکان ہر ماہ 20 لیٹر تک رعایت یافتہ پیٹرول حاصل کر سکتے ہیں، جس سے ماہانہ 2000 روپے تک کی بچت ممکن ہے۔ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ماہانہ حد 30 لیٹر مقرر ہے، یعنی 3000 روپے تک کی بچت۔
رجسٹریشن کا طریقہ
درخواست دہندگان کی تصدیق نادرا، ٹیلی کام کمپنیوں، صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ایکسائز محکموں کے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہو گی۔ درخواست کے لیے اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم استعمال کریں اور حکومت کی بتائی گئی فارمیٹ میں ایس ایم ایس بھیجیں، جس میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہو۔
تصدیق کے بعد کامیاب درخواست دہندگان کو موبائل پر تصدیقی پیغام ملے گا۔ رعایت حاصل کرنے کے لیے پیٹرول پمپ جانے سے پہلے 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس کریں؛ سسٹم آپ کے رجسٹرڈ نمبر پر ایک ٹوکن بھیجے گا، جو پمپ پر دکھا کر رعایتی نرخ پر پیٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔
آغاز کب سے؟
حکومت کے اعلان کے مطابق اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب سے شروع ہو گی، جبکہ ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے توسیع کی جائے گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن صرف سرکاری ہدایات کے مطابق کریں اور اپنی حساس معلومات یا ٹوکن کسی نامعلوم شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

