کراچی: حکومت نے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن کی نئی شرائط نافذ کر دی ہیں۔ 14 ستمبر کے بعد حج و عمرہ زائرین سمیت تمام متعلقہ مسافروں کے لیے نادرا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ لازمی ہو گا۔
بارڈر ہیلتھ سروسز پاکستان کے مطابق نئی شرائط میں پولیو، میننجائٹس، یلو فیور اور انفلوئنزا کی ویکسینیشن شامل ہے۔ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر ویکسینیشن کی سہولتیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
طریقہ کار کیا ہے؟
بارڈر ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق شہری پہلے نادرا ایپ یا سہولت مرکز کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کرائیں، پھر فیڈرل گورنمنٹ سول ڈسپنسری سمیت کسی مجاز ویکسینیشن مرکز سے ویکسین لگوائیں۔ مختلف ویکسینز کی مجموعی لاگت تقریباً 4500 روپے تک ہو سکتی ہے، جو نادرا ایپ یا سہولت مرکز کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔
پہلے کراچی، پھر دیگر شہر
نئی شرط کا اطلاق پہلے کراچی سے سفر کرنے والے مسافروں پر ہو گا، بعد ازاں پشاور، اسلام آباد اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں تک توسیع کی جائے گی۔ افریقہ، وسطی اور جنوبی امریکہ سے آنے والے مسافروں کے لیے یلو فیور ویکسینیشن کی شرط بھی شامل ہے۔
جن مسافروں کے پاس سرٹیفکیٹ نہیں، انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرواز سے کم از کم 6 گھنٹے پہلے کراچی ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں روانگی کے علاقے میں ویکسینیشن کاؤنٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔ تاہم حکام کا مشورہ ہے کہ مسافر ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی یہ تقاضے پورے کر لیں۔

