اسلام آباد: شہری اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹ کے لیے نادرا دفاتر کے چکر لگائے بغیر پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا کی اس نئی آن لائن سہولت کا مقصد روزمرہ کی دستاویزات کا حصول آسان اور تیز بنانا ہے۔ تاہم یہ سہولت صرف ان سرٹیفکیٹوں کے ڈپلیکیٹ کے لیے ہے جو متعلقہ یونین کونسل پہلے جاری کر چکی ہو۔
سہولت کن علاقوں میں دستیاب ہے؟
حکام کے مطابق یہ سہولت پنجاب اور سندھ کی تمام یونین کونسلز، اسلام آباد، خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع اور بلوچستان کے منتخب اضلاع میں متعارف کرائی گئی ہے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ درخواست صرف سرکاری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے دیں اور اپنی شناختی معلومات غیر سرکاری ویب سائٹس یا نامعلوم افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ مزید رہنمائی کے لیے نادرا ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

