لاہور: خانیوال کے قریب موٹروے پر پڑا ہوا ایک بیگ ملنے کے بعد موٹروے پولیس نے تقریباً 18 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا سونا، نقدی اور موبائل فون اصل مالک کو واپس کر دیا۔ ایمانداری اور فرض شناسی کی اس مثال کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق سیکٹر کمانڈر ایس پی قلب عباس موٹروے پر سفر کے دوران ایک بیگ پڑا دیکھا تو انہوں نے فوری طور پر اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ بیگ کی تلاشی پر اس میں سونے کے زیورات، نقد رقم اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔
بیگ میں کیا کچھ تھا؟
برآمد ہونے والی اشیاء میں تقریباً 85 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون، ایک لاکھ 13 ہزار 700 روپے نقد اور سونے کے کنگن و انگوٹھیاں شامل تھیں۔ تمام اشیاء کی مجموعی مالیت 18 لاکھ 92 ہزار 360 روپے بنتی ہے۔
مالک تک رسائی کیسے ہوئی؟
مالک کی تلاش کے لیے پولیس نے موبائل فون کی کال ہسٹری کا جائزہ لیا۔ اس طریقے سے محمد احسن صدیقی سے رابطہ ممکن ہوا۔ صدیقی نے بتایا کہ سفر کے دوران انہوں نے بیگ گاڑی کی ڈگی پر رکھا تھا جو راستے میں گر گیا، اور انہیں اس نقصان کا علم ہی نہ ہو سکا۔
مالک کی شناخت کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے بیگ تمام اشیاء سمیت ان کے حوالے کر دیا گیا۔ محمد احسن صدیقی نے پولیس افسروں کے فوری ردعمل اور پیشہ ورانہ رویے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

