واشنگٹن: امریکہ نے سعودی عرب کو تقریباً 5 ارب ڈالر کے جدید ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے مملکت کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشن ایکسٹینڈڈ رینج (جے ڈی اے ایم ای آر) سسٹمز کی فروخت کی منظوری دی ہے جو فضائی حملوں کی درستگی اور رینج بہتر بناتے ہیں۔
اس اسلحہ پیکج کا مرکزی ٹھیکہ بوئنگ کمپنی کو ملے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ ہتھیار سعودی عرب کی موجودہ اور ابھرتی ہوئی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو سہارا دیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔
750 ملین ڈالر کے ٹینک انجن بھی شامل
سعودی عرب سے متعلق ایک اور بڑے دفاعی معاہدے کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت مملکت تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کے اے جی ٹی 1500 انجن خریدے گی۔ یہ ٹھیکہ ہنی ویل کمپنی کو ملے گا جو جنگی ٹینکوں سمیت عسکری بکتر بند گاڑیوں کے انجن تیار کرتی ہے۔
عمان اور عراق کے لیے بھی معاہدے
تازہ منظوریوں میں خطے کے دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔ عمان کے لیے ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال سے متعلق تقریباً 188 ملین ڈالر کی خدمات کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عراق کو تقریباً 150 ملین ڈالر مالیت کے بیل 412 ای پی ایکس ہیلی کاپٹروں کی فروخت بھی منظور کی گئی ہے۔

