جکارتہ: انڈونیشیا میں 243 افراد کو لے جانے والی کشتی ’ورگو ٹرانسپورٹ 8‘ جاوا سمندر میں لاپتہ ہو گئی ہے۔ خراب موسم کے باعث کشتی سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
کشتی ہفتے کے روز مشرقی جاوا کے شہر سورابایا سے روانہ ہوئی تھی، تاہم اتوار کی صبح خراب موسم کے دوران شپنگ کمپنی کا اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ بنجرماسن سرچ اینڈ ریسکیو آفس کے سربراہ آئی پوتو سودیایانا کے مطابق اطلاع ملتے ہی سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا اور ریسکیو جہاز ’کے این ایس اے آر لکشمنا 241‘ کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق کشتی کی آخری معلوم پوزیشن بنجرماسن بندرگاہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور جاوا سمندر میں ہے۔ خراب موسم سرچ آپریشن میں بھی رکاوٹ بن رہا ہے۔
سمندری حادثات میں اضافہ
گزشتہ ہفتے ماؤنٹ آناک کراکاٹاؤ کے قریب 8 افراد کی اسپیڈ بوٹ بھی لاپتہ ہوئی تھی، جس میں مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے 5 صحافی سوار تھے۔ گزشتہ ماہ بالی کے قریب لومبوک آبنائے میں ایک فیری میں آگ لگنے سے ایک شخص ہلاک اور 5 لاپتہ ہوئے تھے، جبکہ 211 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ جولائی میں سلایار کے قریب 70 سے زائد افراد کی فیری ڈوبنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ورگو ٹرانسپورٹ 8 کی تلاش جاری ہے اور ٹھوس شواہد ملنے پر مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

