تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران سعودی عرب سے جنگ نہیں چاہتا اور علاقائی مسائل کا حل مذاکرات میں ہے۔ بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تہران ریاض کے ساتھ محاذ آرائی کے بجائے بات چیت اور علاقائی امن کو ترجیح دیتا ہے۔
پزشکیان نے یمن کے حوثیوں کے اقدامات کو ایران کے مؤقف سے الگ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں کے سعودی عرب سے اپنے مسائل ہیں اور ان کے اقدامات کو ایران سعودی تعلقات کی بنیاد نہیں بنانا چاہیے۔
آبنائے ہرمز پر مذاکرات
ایرانی صدر نے مسقط، عمان میں ہونے والے متوقع سفارتی مذاکرات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق ان مذاکرات میں وہ ممالک شریک ہوں گے جن کی سرزمین ایران کے خلاف حملوں کے لیے استعمال ہوئی۔
پزشکیان نے ایران کے سپریم لیڈر سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ سپریم لیڈر زندہ ہیں اور ایران کے سیاسی نظام میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ایران کے دشمن ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے جائز بین الاقوامی حقوق کا دفاع جاری رکھے گا، تاہم جنگ تہران کی خواہش نہیں۔ علاقائی ممالک کو اختلافات مذاکرات کی میز پر حل کرنے چاہئیں۔

