ناسا کے خلاباز سنیتا ولیمز اور بچ ولمور اصل میں 8 روزہ مشن پر بھیجے گئے تھے مگر غیر متوقع تکنیکی مسائل کے باعث بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر نو ماہ سے زائد گزارنے پر مجبور ہوئے۔ اب وہ 19 مارچ سے پہلے اسپیس ایکس ڈریگن خلائی جہاز پر زمین پر واپسی کی تیاری کر رہے ہیں جبکہ طویل قیام کے معاوضے پر بحث جاری ہے۔
کیا خلابازوں کو اوور ٹائم ملتا ہے؟
ریٹائرڈ ناسا خلاباز کیڈی کولمین کے مطابق خلابازوں کو کوئی خصوصی اوور ٹائم معاوضہ نہیں ملتا۔ چونکہ وہ سرکاری ملازم ہیں، خلا میں ان کا وقت معیاری سرکاری سفر کے برابر سمجھا جاتا ہے یعنی انہیں اپنی باقاعدہ تنخواہ ملتی رہتی ہے۔ ناسا خلا میں ان کے کھانے اور رہائش کے اخراجات بھی برداشت کرتا ہے۔
تاہم خلابازوں کو ایک چھوٹا یومیہ الاؤنس ملتا ہے جو واشنگٹنین کے مطابق صرف 4 ڈالر یومیہ ہے۔ مثال کے طور پر کیڈی کولمین کو 2010-11 میں اپنے 159 روزہ مشن پر مجموعی طور پر 636 ڈالر اضافی الاؤنس ملا تھا۔ اسی حساب سے 287 دن خلا میں گزارنے والے سنیتا ولیمز اور بچ ولمور کو تقریباً 1,148 ڈالر اضافی معاوضہ ملے گا۔
اصل تنخواہ کتنی ہے؟
ناسا نے واضح کیا ہے کہ خلاباز تکنیکی طور پر پھنسے ہوئے نہیں بلکہ آئی ایس ایس پر اپنی باقاعدہ ڈیوٹیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دونوں ناسا کے بوئنگ اسٹار لائنر ٹیسٹ فلائٹ مشن کا حصہ ہیں اور جنرل شیڈول پے سسٹم میں اعلیٰ ترین جی ایس 15 گریڈ میں ہیں۔ جی ایس 15 پے اسکیلز کے تحت خلابازوں کی بنیادی تنخواہ سالانہ 125,133 سے 162,672 ڈالر کے درمیان ہے۔ نو ماہ کے قیام کی بنیاد پر ولیمز اور ولمور 93,850 سے 122,004 ڈالر بنیادی تنخواہ کمائیں گے؛ 1,148 ڈالر الاؤنس شامل کر کے سال کا مجموعی معاوضہ 94,998 سے 123,152 ڈالر کے درمیان ہوگا۔

