اسلام آباد: نادرا نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی ہے، جس سے اہل پنشنرز دفاتر کے بار بار چکر لگائے بغیر اپنی پنشن کے لیے لازمی تصدیق مکمل کر سکیں گے۔
پہلے مرحلے میں کون اہل ہے؟
پہلے مرحلے میں کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس اور صوبائی اکاؤنٹنٹس جنرل کے تحت آنے والے وفاقی و صوبائی اداروں کے پنشنرز شامل ہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پنشنرز بھی یہ سہولت استعمال کر سکتے ہیں۔ ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کے تحت تینوں مسلح افواج کے پنشنرز اور نادرا و ریڈیو پاکستان کے پنشنرز بھی پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔
دیگر اداروں کے پنشنرز کو سسٹم کی توسیع کا انتظار کرنا ہو گا۔ نادرا مرحلہ وار مزید اداروں کو شامل کرے گا۔
طریقہ کار
اہل پنشنرز پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے تصدیق مکمل کریں۔ کامیاب تصدیق پر نادرا نیا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ خود بخود متعلقہ پنشن دینے والے ادارے کو بھیج دیتا ہے۔ جب ادارہ دوبارہ تصدیق مانگے (ایک ماہ، چھ ماہ یا مقررہ مدت بعد)، تو پنشنر کو ایپ کے ذریعے نیا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اس سہولت کا افتتاح کر چکے ہیں۔ نادرا نے خبردار کیا ہے کہ شہری اپنی شناختی معلومات کسی نامعلوم شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

