ذہنی تھکاوٹ یا ذہنی خستگی جسمانی کارکردگی کو بھی شدید متاثر کرتی ہے۔ جب کوئی شخص ذہنی طور پر تھکا ہوتا ہے تو دیگر کام سنبھالنے کی اس کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دماغ کو کچھ آرام دیا جائے تو وہ تخلیقی کام اور بھی بہتر طریقے سے کر سکتا ہے اور یہ بغیر دوا کے بھی ممکن ہے۔ کیا اس مصروف دنیا میں دماغ کو آرام مل سکتا ہے؟ سارا دن کام، رات کو گھر آنا، ذہن میں سوچوں کے ساتھ سونا، صبح اٹھنا اور معمول دوبارہ شروع کرنا؛ یہی ہماری زندگی ہے۔
تھکاوٹ کی وجوہات
بے چین زندگی گزار کر ہم خود کو دھوکا دے رہے ہیں، خاص طور پر اپنے دماغ پر بوجھ ڈال کر۔ تھکاوٹ اس وقت ہوتی ہے جب توانائی کی کمی ہو اور نیند کی شدید ضرورت ہو۔ طرز زندگی کی تبدیلیوں اور دیگر وجوہات سے یہ ایک عام علامت بن گئی ہے۔ تھکاوٹ کی بہت سی وجوہات کسی بنیادی بیماری سے غیر متعلق ہو سکتی ہیں؛ مثال کے طور پر نیند کی کمی، سخت محنت، جیٹ لیگ، بھاری کھانے یا بڑھتی عمر۔ ذہنی تھکاوٹ سے توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
توانائی بحال کرنے کے طریقے
پانی یا مشروبات سے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں، باقاعدگی سے ورزش کریں، کافی نیند لیں اور جتنا ممکن ہو تناؤ سے بچنے کی کوشش کریں۔ دباؤ پیدا کرنے والے کاموں یا سماجی شیڈول سے گریز کریں۔ یوگا، مراقبہ جیسی پر سکون سرگرمیوں میں مشغول ہوں۔ اس کے علاوہ شراب، تمباکو اور دیگر منشیات سے گریز کریں اور کیفین کی مقدار محدود کریں۔ طبی حالت کے حوالے سے ڈاکٹروں سے مشورہ بھی ضروری ہے۔

