کراچی/اسلام آباد: ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ 2026) کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں طلبہ شریک ہوئے۔ امتحان صبح 10 بجے شروع ہو کر دوپہر ایک بجے تک جاری رہا۔
سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل کرنے کے لیے تین گھنٹے دیے گئے۔ ملک بھر کے ٹیسٹ مراکز پر سخت سیکیورٹی اور نگرانی کے انتظامات کیے گئے تھے۔
ایک لاکھ 38 ہزار امیدوار
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے مطابق رواں سال 138,160 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی امیدواروں کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی ایک بین الاقوامی مرکز قائم کیا گیا جہاں 237 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔
صوبوں کے لحاظ سے پنجاب میں سب سے زیادہ 49,199 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 38,841، سندھ میں 34,233، بلوچستان میں 9,923، آزاد جموں و کشمیر میں 2,761، گلگت بلتستان میں 1,761 اور اسلام آباد میں 1,245 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی۔
سخت ضوابط
امتحان کے دوران امیدواروں کے لیے سخت ضوابط نافذ کیے گئے۔ طلبہ امتحان مکمل کیے بغیر ٹیسٹ مرکز نہیں چھوڑ سکتے تھے اور سوالیہ پرچہ واپس کرنا لازمی تھا۔ پرچہ واپس نہ کرنے والے امیدوار کا نتیجہ منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل آلات پر پابندی تھی۔ ہر صوبے کے لیے الگ سوالیہ پرچہ تیار کیا گیا تھا اور ہنگامی صورتحال کے لیے اضافی پرچے بھی رکھے گئے۔ ہر پرچے میں 180 سوالات شامل تھے۔
پنجاب میں 15 شہروں میں امتحان ہوا جبکہ لاہور کے 6 بڑے مراکز میں 12 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے داخلی و خارجی راستوں اور امتحانی ہالوں کی نگرانی کی گئی جبکہ نادرا بائیومیٹرک تصدیق بھی کی گئی۔ کئی امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی۔
ویب ڈیسک

