ہونڈوراس کے ساحلی علاقے میں اڑان بھرتے ہی ایک چھوٹا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب لانسا ایئرلائنز کا طیارہ رات کو ہونڈوراس کے مشہور سیاحتی مقام رواتان سے اڑا اور ملک کے وسطی علاقے کے بندرگاہی شہر لا سیبا کی طرف جا رہا تھا۔
ہونڈوراس سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکار کارلوس پاڈیلا نے بتایا کہ طیارہ اڑان بھرتے ہی تیزی سے دائیں طرف مڑا اور پانی میں جا گرا۔ اس وقت سمندر میں موجود ایک مقامی ماہی گیر نے ایچ سی ایچ ٹی وی چینل کو بتایا کہ طیارہ تقریباً ان کے اوپر ہی گرا۔ پولیس رپورٹس کے مطابق طیارے میں 15 مسافر اور عملے کے تین ارکان — جن میں دو پائلٹ اور ایک فضائی میزبان شامل تھے — سوار تھے۔ حادثہ ساحل سے تقریباً ایک کلومیٹر دور پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات بتاتی ہیں کہ برطانیہ میں تیار کردہ جیٹ اسٹریم 41 ماڈل طیارے میں "تکنیکی خرابی” پیدا ہوئی تھی جس سے حادثہ پیش آیا۔
ہلاکتیں اور زندہ بچنے والے
ہونڈوراس فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی کہ اب تک 12 ہلاکتوں کی اطلاع ہے، پانچ مسافر زندہ بچائے گئے ہیں اور ایک شخص لاپتہ ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں مشہور ہونڈوراسی موسیقار اور گریفونا موسیقی کی نمایاں شخصیت اوریلیو مارٹینز بھی شامل تھے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے میجر ولمر گیریرو نے بتایا کہ زخمیوں میں 40 سالہ فرانسیسی شہری بھی شامل ہے جسے مزید علاج کے لیے سان پیڈرو سولا کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

