لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز نے پہلی بار آغوش پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کے تحت دو سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو 23,000 روپے مالی امداد دی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں آغوش پروگرام 13 اضلاع میں نومولود بچوں کی ماؤں اور حاملہ خواتین کو مالی امداد فراہم کرے گا۔ ان اضلاع میں ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں شامل ہیں۔
آغوش پروگرام کے تحت حاملہ خواتین کو صحت مراکز یا مریم ہیلتھ کلینکس میں پہلی رجسٹریشن پر 2,000 روپے ملیں گے۔ حمل کے دوران طبی معائنے پر فی وزٹ 1,500 روپے (کل 6,000 روپے تک)، صحت مرکز میں بچے کی پیدائش پر 4,000 روپے، پیدائش کے 15 روز میں پہلے طبی معائنے پر 2,000 روپے، پیدائش سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن پر 5,000 روپے اور نومولود کی ویکسینیشن پر 4,000 روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پروگرام کے بارے میں خواتین کی معاونت اور رہنمائی کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن شروع کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور طبی علاج ہر ماں اور بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

