بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی امداد حاصل کرنے کے خواہشمند خاندانوں کے لیے درست رجسٹریشن کا طریقہ جاننا ضروری ہے تاکہ جعلی ویب سائٹس اور فراڈ سے بچا جا سکے۔ یہ پروگرام کم آمدنی والے خاندانوں، خصوصاً خواتین کو نقد امداد اور سماجی تحفظ کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔
بہت سے لوگ "آن لائن اپلائی” تلاش کرتے ہیں لیکن نئی رجسٹریشن عام طور پر سرکاری مراکز کے ذریعے ہی ہوتی ہے۔ 8171 پورٹل بنیادی طور پر اہلیت اور ادائیگی کی معلومات چیک کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
رجسٹریشن کا طریقہ
پہلا مرحلہ: قریبی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تحصیل دفتر تشریف لے جائیں۔ ساتھ اصل شناختی کارڈ، بچوں کے ب فارم، رجسٹرڈ موبائل نمبر اور خاندانی معلومات لے جائیں۔ عملے سے رجسٹریشن کے طریقہ کار کی رہنمائی حاصل کریں۔
دوسرا مرحلہ: ڈائنامک سروے مکمل کریں۔ اس دوران خاندان کے افراد، ماہانہ آمدنی، تعلیم، روزگار، رہائشی حالات اور جائیداد سے متعلق معلومات لی جاتی ہیں۔ درست معلومات دینا انتہائی ضروری ہے کیونکہ غلط تفصیلات تصدیق میں مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔
تیسرا مرحلہ: تصدیق اور اہلیت کا جائزہ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈیٹا بیس کے ذریعے معلومات کی تصدیق کرتا ہے۔ اہلیت کا فیصلہ خاندان کی معاشی حالت پر ہوتا ہے جس کے لیے پراکسی میینز ٹیسٹ کا نظام استعمال کیا جاتا ہے۔
اہلیت کی شرائط
درخواست دہندہ پاکستانی شہری ہو، اس کے پاس درست شناختی کارڈ ہو اور خاندان مستحق کم آمدنی والے زمرے سے تعلق رکھتا ہو۔ ترجیح غریب خاندانوں، خواتین کی سربراہی والے گھرانوں، بیواؤں اور کمزور افراد کو دی جاتی ہے۔ حتمی منظوری سرکاری تصدیق سے مشروط ہے۔
اسٹیٹس کیسے چیک کریں؟
اہلیت اور ادائیگی کی معلومات سرکاری پورٹلز سے حاصل کریں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ویب سائٹ bisp.gov.pk اور 8171 پورٹل 8171.bisp.gov.pk۔ ہمیشہ تصدیق کریں کہ ویب سائٹ کا پتہ سرکاری ڈومین سے تعلق رکھتا ہے۔ کسی بھی غیر سرکاری لنک پر ذاتی معلومات درج نہ کریں۔
ویب ڈیسک

