موٹاپا اب عالمی مسئلہ ہے — تقریباً دو ارب افراد متاثر ہیں۔ ماہرین کے مطابق صرف کیلوریز کم کرنا کارگر نہیں ہو سکتا۔ نئی تحقیق بتاتی ہے کہ ہم کب اور کیسے کھاتے ہیں یہی اصل اہمیت رکھتا ہے۔ کھانے کے اوقات اور عادات وزن کم کرنے کا اصل راز ہو سکتے ہیں۔
سرے یونیورسٹی کے محققین نے پایا کہ کھانے کے اوقات میں چھوٹی تبدیلیاں میٹابولزم بہتر بنا سکتی ہیں — کھانا کم کیے بغیر زیادہ چربی جلائی جا سکتی ہے۔ ہر شخص کا نظام ہاضمہ مختلف ہوتا ہے، اسی لیے ایک ہی ڈائٹ کسی کے لیے کارگر اور کسی کے لیے بے اثر ہوتی ہے۔ کنگز کالج لندن کی تصدیق کے مطابق ہر فرد میں میٹابولزم کی رفتار مختلف ہوتی ہے۔ انسانی جسم قدرتی گھڑی یعنی سرکیڈین ردھم پر کام کرتا ہے جو ہاضمے اور توانائی کے استعمال کو کنٹرول کرتی ہے۔ ماہرین اسے "کرونو نیوٹریشن” کہتے ہیں۔
صبح زیادہ، رات ہلکا
صبح زیادہ کھانا اور رات کو ہلکا کھانا جسم کو چربی جلانے میں مدد دیتا ہے۔ رات گئے بھاری کھانا وزن کنٹرول مشکل بناتا ہے۔ ایک تحقیق میں شرکا نے ناشتہ 90 منٹ تاخیر سے کیا اور رات کا کھانا 90 منٹ پہلے کھایا — اس سادہ تبدیلی سے کھانے کا دورانیہ تین گھنٹے کم ہوا، بھوک گھٹی اور جسم کی چربی کم ہوئی۔
کیسے کھائیں؟
کھانا اچھی طرح چبا کر اور آہستہ کھانے سے ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسم توانائی موثر انداز میں استعمال کرتا ہے۔ صحت مند آنتوں کے بیکٹیریا بھی چربی جلانے اور وزن کنٹرول میں مدد دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے کا اصل راز صرف کیلوریز گننا نہیں — کھانے کے اوقات، کھانے کی عادات اور خوراک کے معیار پر توجہ دیں۔ یہ چھوٹی تبدیلیاں سخت ڈائٹنگ کے بغیر وزن کنٹرول میں مدد دے سکتی ہیں۔

