فیشن کی دنیا نے ایک بار پھر سب کو حیران کر دیا ہے۔ لگژری فیشن برانڈ شینل نے اپنے تازہ فیشن ایونٹ ریزورٹ 2027 میں بغیر تلے والی سینڈل متعارف کرائیں۔ عام طور پر ہر جوتے میں تلا ہوتا ہے جو پاؤں کو گرمی اور سخت سطح سے بچاتا ہے، لیکن ان سینڈلز میں اونچی ہیل اور اسٹائلش اسٹریپس کے ساتھ روایتی نچلی تہہ موجود نہیں تھی۔
جیسے ہی ماڈلز ریمپ پر چلیں، مہمان حیران رہ گئے کیونکہ ان کے پاؤں کا اگلا حصہ براہ راست فرش کو چھو رہا تھا۔ ایونٹ کے فوراً بعد ان سینڈلز کی تصاویر اور ویڈیوز آن لائن تیزی سے پھیل گئیں اور سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔
کچھ لوگوں نے اسے غیر آرام دہ اور ناقابل عمل قرار دیا جبکہ کئی فیشن شائقین نے اسے تخلیقی تجربے کے طور پر سراہا۔ لیکن سب سے بڑا حیرت اس وقت ہوئی جب رپورٹس میں اس کی قیمت سامنے آئی۔ بین الاقوامی فیشن رپورٹس کے مطابق ان سینڈلز کی قیمت تقریباً 1,500 امریکی ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباً 418,000 بنتی ہے۔ اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر میمز اور لطیفوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

