لاہور: پنجاب بھر کے طلبہ مریم نواز سکوٹی سکیم 2026 میں آن لائن اپلائی کے طریقے، اہلیت کے معیار اور مطلوبہ دستاویزات کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔ یہ سکیم باضابطہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب الیکٹرک بائیک سکیم کے نام سے متعارف کرائی گئی ہے جس کا مقصد طلبہ کو سستی سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
سکیم کے تحت اہل طلبہ کو شفاف طریقے سے الیکٹرک اور پیٹرول بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ درخواست دہندگان کو سرکاری پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر فارم پُر کرنا اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
مطلوبہ دستاویزات
درخواست دینے سے پہلے یہ دستاویزات تیار رکھیں:
1. شناختی کارڈ کی کاپی: شناختی کارڈ کی اگلی اور پچھلی دونوں جانب کی واضح تصویر اور درست نمبر درج کریں۔
2. پنجاب کا ڈومیسائل: پنجاب سے تعلق ثابت کرنے کے لیے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ضروری ہے۔
3. طالب علم ہونے کا ثبوت: یونیورسٹی یا کالج کا اسٹوڈنٹ کارڈ، انرولمنٹ یا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ قابل قبول ہوگا۔
4. حالیہ تصویر: پورٹل کی شرائط کے مطابق واضح پاسپورٹ سائز تصویر اپ لوڈ کریں۔
5. لرنر پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس: موٹر سائیکل کا لرنر پرمٹ یا لائسنس درکار ہو سکتا ہے۔
6. شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر: تصدیقی پیغامات اسی نمبر پر آئیں گے، اس لیے نمبر فعال رکھیں۔
اہلیت کا معیار
درخواست دہندہ کا پنجاب کا رہائشی ہونا، درست شناختی کارڈ رکھنا اور کسی تسلیم شدہ کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہونا ضروری ہے۔ طلبہ و طالبات دونوں اپلائی کر سکتے ہیں، تاہم طالبات اس سکیم کا خصوصی ہدف ہیں تاکہ وہ آزادانہ سفر کر کے تعلیم جاری رکھ سکیں۔
آن لائن اپلائی کے مراحل
مرحلہ 1: سرکاری پورٹل bikes.punjab.gov.pk کھولیں اور دیکھیں کہ درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں یا نہیں۔
مرحلہ 2: شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور ای میل سے اکاؤنٹ بنائیں۔
مرحلہ 3: فارم میں نام، والد کا نام، پتہ، ضلع اور تعلیمی معلومات درج کریں۔
مرحلہ 4: تمام دستاویزات کی واضح کاپیاں اپ لوڈ کریں۔
مرحلہ 5: معلومات کی جانچ کے بعد درخواست جمع کرائیں اور اپلیکیشن نمبر محفوظ رکھیں۔
انتخاب اور احتیاطی تدابیر
درخواستیں موصول ہونے کے بعد حکومت معلومات کی تصدیق کرتی ہے۔ اگر درخواستیں بائیکس سے زیادہ ہوں تو کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی سے انتخاب ہو سکتا ہے۔
طلبہ صرف سرکاری ویب سائٹ سے اپلائی کریں، کسی ایجنٹ کو رقم نہ دیں، او ٹی پی کسی سے شیئر نہ کریں اور جعلی ویب سائٹس و واٹس ایپ رجسٹریشن کے جھانسوں سے بچیں۔

