ناگویا: ایشین گیمز میں پاکستان کی مردوں کی اسکواش ٹیم سونے کے تمغے سے ایک بار پھر محروم رہی۔ جمعے کو ناگویا کنجو فوتو ایرینا میں کھیلے گئے ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ملائیشیا نے پاکستان کو 0-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہے کہ پاکستان اس ایونٹ کے فائنل میں ہارا ہے؛ اس سے قبل ہانگ ژو میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ 2010 میں گوانگ ژو میں ملائیشیا کو 0-2 سے ہرا کر جیتا گیا ٹائٹل اب بھی پاکستان کی آخری ٹیم گولڈ ہے۔
ناصر اقبال کو شکست
فائنل کا آغاز ناصر اقبال نے امیشین راج چندرن کے خلاف کیا۔ عالمی رینکنگ میں 94ویں نمبر کے ناصر نے پہلے گیم میں 1-6 کی برتری حاصل کی، تاہم 95ویں رینک کے ملائیشین کھلاڑی نے زبردست واپسی کرتے ہوئے پہلا گیم 8-11 سے اپنے نام کیا۔ چندرن نے دوسرا گیم 3-11 اور تیسرا 6-11 سے جیتا، جبکہ چوتھے گیم میں 4-11 کی کامیابی کے ساتھ میچ 1-3 سے جیت کر ملائیشیا کو ٹائی میں 0-1 کی برتری دلا دی۔
نور زمان کی پانچ گیم کی جنگ
پاکستان کے ٹاپ رینک کھلاڑی نور زمان کو فائنل بچانے کے لیے عین یو اینگ کے خلاف جیت درکار تھی، وہی حریف جنہوں نے انہیں سنگلز سیمی فائنل میں بھی ہرایا تھا۔ پانچ گیم پر محیط مقابلے میں اینگ نے پہلا گیم 8-11 سے جیتا جبکہ نور نے دوسرا 6-11 سے اپنے نام کیا۔ تیسرا گیم 15 منٹ کی طویل ریلیوں پر مشتمل رہا جسے نور نے 7-11 سے جیت کر 1-2 کی برتری حاصل کی، تاہم اینگ نے چوتھا گیم 4-11 سے جیت کر مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچایا، جہاں 4-11 کی جیت کے ساتھ ملائیشیا نے سونے کا تمغہ پکا کر لیا۔ ٹائی 0-2 ہونے کے باعث پاکستان کے تیسرے کھلاڑی محمد اشعب عرفان کو کورٹ میں اترنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئی۔ نور زمان اور اشعب عرفان ان کھیلوں میں سنگلز کے کانسی کے تمغے پہلے ہی جیت چکے ہیں۔
والی بال: ایران نے پاکستان کا سفر تمام کیا
والی بال میں پاکستان کی مہم سیمی فائنل میں تین بار کے دفاعی چیمپئن ایران کے ہاتھوں 0-3 کی شکست کے ساتھ ختم ہوئی۔ اوکازاکی چوو سوگو پارک جمنازیم میں کھیلے گئے میچ میں ایران نے 13-25، 15-25 اور 11-25 سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اب کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گا۔
ویب ڈیسک

