کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین نے سعودی عرب کے ساتھ ایک اہم دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون میں نیا قدم ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ یہ معاہدہ یوکرین اور سعودی وزارت دفاع کے درمیان طے پایا ہے۔
زیلنسکی کے مطابق یہ معاہدہ مستقبل کی دفاعی شراکت داری کو مضبوط کرے گا، ٹیکنالوجی کے تبادلے کو فروغ دے گا اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھولے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ یوکرین دفاعی نظاموں میں اپنی مہارت شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ یوکرین برسوں سے مسلسل بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے اسے ایسے خطرات سے نمٹنے کا عملی تجربہ حاصل ہے۔ مشرق وسطی اور خلیجی خطے میں بھی اب ایسے ہی سیکیورٹی چیلنجز ابھر رہے ہیں، اس لیے دونوں ممالک دفاعی صلاحیتوں کے اشتراک سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
محمد بن سلمان سے ملاقات میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال، توانائی منڈیاں اور ممکنہ جیو پولیٹیکل پیش رفت شامل تھیں۔ ماہرین کے مطابق ڈرون جنگ سے نمٹنے میں یوکرین کا تجربہ قیمتی ثابت ہو سکتا ہے۔

