ویب ڈیسک: عراق نے سعودی عرب پر ہونے والے ڈرون حملوں کا سراغ اپنے علاقے سے ملنے کے بعد بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک سینئر فوجی افسر کو برطرف کر دیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
عراقی وزیراعظم علی الزیدی نے سیکیورٹی حکام کی ابتدائی رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد یہ اقدام کیا۔ برطرف کیے گئے کمانڈر جنوبی عراق کے صوبہ میسان میں فوجی آپریشنز کی نگرانی کر رہے تھے۔ حکام کے مطابق حملوں کا سراغ میسان کے ایک مقام سے ملا ہے جس کا تعلق سعودی عرب کے خلاف کارروائی سے جوڑا جا رہا ہے۔
تحقیقاتی کمیشن قائم
وزیراعظم نے میسان آپریشنز کمانڈ کی جانچ اور ڈرون حملوں کے مبینہ آغاز کے حالات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دینے کا بھی حکم دیا ہے۔ حکومتی ترجمان صباح النعمان نے بتایا کہ حکام نے صوبہ میسان کے اندر اس مقام کی نشاندہی کر لی ہے جس کا حملوں سے تعلق ہے۔
عراقی حکومت نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے ہمسایہ ممالک کے خلاف حملے برداشت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم علی الزیدی نے کہا کہ عراق کسی ایسی سرگرمی کو مسترد کرتا ہے جو ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے یا ہمسایوں سے تعلقات کو نقصان پہنچائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی گروہ کو عراقی سرزمین یا فضائی حدود ہمسایہ ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
سفارتی رابطے
واقعے کے بعد عراق اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی رابطے بھی شروع ہو گئے ہیں۔ عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں علاقائی سلامتی اور کشیدگی میں اضافے سے بچنے پر زور دیا گیا۔
عراق نے سعودی عرب کے فوری فوجی جواب سے گریز کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ بغداد نے تحقیقات کے لیے وقت مانگا تھا تاکہ حملوں کی چھان بین کی جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات روکے جا سکیں۔
یاد رہے کہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ڈرونز نے سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کو نشانہ بنایا۔ ریاض کا دعویٰ ہے کہ کئی ڈرون عراقی سرزمین سے آئے تھے۔ حملے میں نقصان اور زخمیوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، جس کے بعد سعودی حکام نے متاثرہ علاقوں میں پائپ لائن کا آپریشن روک دیا تھا۔
تاہم تحقیقات ابھی جاری ہیں اور حکام کو یہ معلوم کرنا ہے کہ ڈرون آپریشن کی منصوبہ بندی کس نے کی اور حملہ آوروں نے اسے کیسے انجام دیا۔ عراقی حکومت نے کہا ہے کہ اگر ذمہ داروں کی نشاندہی ہو گئی تو مزید کارروائی کی جائے گی۔

