اسلام آباد: اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) نے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد سرکاری خدمات کو تیز اور آسان بنا کر سرمایہ کاری کے عمل میں بہتری لانا ہے۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کار ایک ہی ڈیجیٹل جگہ سے درخواستیں جمع کرا سکیں گے، رہنمائی حاصل کر سکیں گے اور اپنی درخواستوں کی پیش رفت سے باخبر رہیں گے۔ کاروباری افراد اب اپنے مسائل منظم آن لائن نظام کے ذریعے حل کرا سکیں گے۔
48 گھنٹوں میں جواب کی یقین دہانی
حکام کے مطابق سرمایہ کاروں کی درخواستوں کا جواب 48 گھنٹوں کے اندر دیا جائے گا۔ ہر درخواست کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا جس سے شفافیت بڑھے گی اور سرمایہ کار اپنی درخواست کی صورتحال خود بھی دیکھ سکیں گے۔
یہ سہولت ملک بھر کے مختلف کاروباری شعبوں اور علاقوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار اب متعدد دفاتر کے چکر لگائے بغیر آن لائن درخواستیں دے سکیں گے اور ان کی پیش رفت بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دیکھ سکیں گے۔
سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا
SIFC کے مطابق ڈیجیٹل ٹکٹنگ ہب سے سرمایہ کاروں اور سرکاری اداروں کے درمیان بہتر رابطہ قائم ہوگا۔ درخواستیں منظم انداز میں متعلقہ محکموں تک پہنچیں گی اور مقررہ وقت میں جواب دیا جائے گا۔ درخواست مکمل ہونے پر ٹکٹ باقاعدہ طور پر بند کر دیا جائے گا، جس سے نگرانی اور شفاف فالو اپ کا نظام مضبوط ہوگا۔
حکام کو توقع ہے کہ اس اقدام سے کاروباری برادری اور سرکاری اداروں کے درمیان اعتماد بڑھے گا اور پاکستان کے ڈیجیٹل کاروباری نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ویب ڈیسک

