نادرا نے شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نادرا دفتر جانے سے پہلے اپائنٹمنٹ بک کرائی جا سکے گی جس سے طویل قطاروں میں انتظار کی زحمت ختم ہو جائے گی۔
نادرا ترجمان سید شباہت علی نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ اپ ڈیٹ شدہ ایپ میں کئی نئی سہولتیں شامل کی گئی ہیں۔ شہری گھر بیٹھے مناسب وقت کا انتخاب کر کے متعلقہ دفتر مقررہ وقت سے کچھ پہلے پہنچ سکتے ہیں۔
ایپ میں دیگر نئی سہولتیں
نئی اپ ڈیٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو آن لائن شکایت بھیجنے، خاندانی ریکارڈ کی درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی سہولتیں بھی شامل ہیں۔
نادرا کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل تبدیلی کے وسیع منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت معمول کے کاموں کو دفاتر سے موبائل پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ اپائنٹمنٹ سسٹم سے دفاتر میں رش کا بہتر انتظام بھی ممکن ہوگا۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ نئی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایپ کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ رکھیں۔

