بھارتی فوج کے ایک سینئر حاضر سروس کرنل پشپندر سنگھ باٹھ اور ان کے بیٹے انگد سنگھ کو 14 مارچ کو پٹیالہ میں پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں قید یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرنل کو تقریباً 45 منٹ تک پولیس کی بربریت کا نشانہ بنایا گیا جس سے ان کا بازو ٹوٹ گیا جبکہ ان کے بیٹے کے سر میں چوٹیں آئیں۔ دونوں باپ بیٹے فی الحال پٹیالہ کے راجندرا اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
خاندان کی شکایت کے بعد 12 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ جھگڑا مبینہ طور پر راجندرا اسپتال کے قریب ایک فوڈ اسٹال کے باہر پارکنگ کے تنازع پر ہوا۔ کرنل پشپندر سنگھ اور ان کے بیٹے ناشتے کے لیے رکے تھے جب تین سادہ لباس پولیس اہلکار ان کے پاس آئے اور کرنل کو گاڑی ہٹانے کا حکم دیا۔
کرنل پشپندر سنگھ نے بتایا کہ جب انہوں نے نشاندہی کی کہ پولیس اہلکار نشے میں دکھائی دے رہے ہیں تو تشدد مزید بڑھ گیا۔ پنجاب پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے جواب میں 12 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے اور باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

