ایران نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے جو ماہانہ 110 لیٹر سے زیادہ ایندھن استعمال کرنے والوں پر لاگو ہوگا۔ ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق نیا نظام 8 ستمبر سے نافذ ہوگا۔
نئے نظام کے تحت 110 لیٹر کی حد سے زائد استعمال پر ہر اضافی لیٹر کی قیمت 10,000 تومان ہوگی جو پہلے 5,000 تومان تھی — یعنی قیمت دگنی کر دی گئی ہے۔ تاہم 110 لیٹر تک استعمال کرنے والوں کے لیے سبسڈی والی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
تین درجے کا نظام
ایران میں پہلے 60 لیٹر 1,500 تومان فی لیٹر اور اگلے 50 لیٹر 3,000 تومان فی لیٹر کے حساب سے ملتے ہیں۔ اب اس حد سے آگے ہر لیٹر 10,000 تومان کا ہوگا۔ واضح رہے کہ ایک تومان 10 ایرانی ریال کے برابر ہوتا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس ہدفی اقدام کا مقصد عام صارفین کو متاثر کیے بغیر زیادہ ایندھن استعمال کرنے والوں پر بوجھ ڈالنا ہے۔ توقع ہے کہ اس سے شہری اپنی ماہانہ کھپت پر نظر رکھیں گے اور غیر ضروری سفر کم کریں گے۔

