لاہور: پنجاب پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے 2026 کے دوران صوبے بھر میں 116,000 سے زائد اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائیاں مختلف اضلاع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے کی گئیں۔
پولیس ڈیٹا کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں 29,000 کیٹیگری اے کے اشتہاری شامل ہیں، جو سنگین مقدمات میں مطلوب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح تھے۔ اس کے علاوہ 87,000 سے زائد کیٹیگری بی کے اشتہاری بھی گرفتار کیے گئے۔
عدالتی مفرور اور عادی مجرم
کارروائی میں عدالتوں میں پیش نہ ہونے والے 35,500 سے زائد مفرور بھی پکڑے گئے، جن میں 5,200 کیٹیگری اے اور 30,000 سے زائد کیٹیگری بی کے مفرور شامل ہیں۔ عادی مجرموں کے خلاف مہم میں 12,800 سے زائد افراد گرفتار ہوئے، جن میں 4,400 کیٹیگری اے اور 8,400 سے زائد کیٹیگری بی کے مجرم شامل ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور اس مہم کا اہم مرکز رہا، جہاں پولیس نے 26,800 سے زائد اشتہاری، 11,200 سے زائد عدالتی مفرور اور 5,200 سے زائد عادی مجرم گرفتار کیے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے کارروائیوں میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کی کوششوں کو سراہا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کی تعریف کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مہم صوبے بھر میں جاری رہے گی۔

