ہارورڈ یونیورسٹی نے طلبہ کے لیے ٹیوشن فیس معاف کر کے تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے حوالے سے ڈیلی جنگ کے مطابق ہارورڈ نے اعلان کیا ہے کہ سالانہ 2 لاکھ ڈالر سے کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو اب ٹیوشن فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی سالانہ 1 لاکھ ڈالر سے کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کے رہائش، صحت بیمہ اور دیگر اخراجات بھی برداشت کرے گی۔ رپورٹس کے مطابق اس اقدام کا مقصد درمیانی آمدنی والے خاندانوں کے لیے تعلیم کو زیادہ سستی اور قابل رسائی بنانا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی نے تصدیق کی ہے کہ یہ نئی پالیسی تعلیمی سال 2025-26 سے نافذ ہوگی۔ یہ فیصلہ امریکہ کی سب سے بڑی اور معتبر یونیورسٹی کی جانب سے تعلیمی مساوات کی طرف ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

