اسلام آباد: رواں مالی سال میں منی بجٹ 2024 متعارف کرایا جا سکتا ہے کیونکہ حکومت 130 ارب روپے کے ہنگامی ٹیکس اقدامات پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے محصولات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ان ممکنہ ٹیکس اقدامات سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔
مجوزہ اقدامات میں مشروبات پر ایکسائز ڈیوٹی میں 5 فیصد اضافہ اور درآمدی مشینری پر 1 فیصد ایڈوانس ٹیکس شامل ہے۔ اضافی تجاویز میں کمرشل درآمد کنندگان پر 1 فیصد ٹیکس اور درآمدی صنعتی خام مال پر 1 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس شامل ہے۔
مزید برآں سرکاری دستاویزات کے مطابق حکومت سپلائیز پر 1 فیصد ٹیکس اور ٹھیکوں پر اضافی 1 فیصد ٹیکس پر غور کر رہی ہے۔ ان اقدامات سے حکومت کو ماہانہ 2.3 ارب روپے اضافی محصولات حاصل ہونے کا تخمینہ ہے جو مالی خسارے کو پورا کرنے میں مدد دے گا۔

